پنجاب اور جائیکا کا تعلیم، صحت ‘خواتین کو بااختیار بنانیوالے پراجیکٹ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعلیٰ مریم نوازسے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے صدر  کی وفد کے  ساتھ ملاقات‘ عوامی ترجیحاتی شعبوں میں اشتراک کار کے امکانات کا جائزہ لیا
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی  کے صدر ڈاکٹر اکیہیکو تاناکا نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور آمد پرجاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی  کے وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر پنجاب میں جائیکا کے مختلف ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود کے لئے باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر پنجاب میں عوامی ترجیحاتی شعبوں میں اشتراک کار کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات کے دوران فیصل آباد میں واٹر سپلائی پراجیکٹس پر جلد پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اس موقع پر پنجاب میں تعلیم، صحت اورخواتین کو بااختیار بنانے والے پراجیکٹ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ باہمی ملاقات میں پنجاب حکومت اور جائیکا کے فیوچر پراجیکٹ پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جائیکا کے تعاون سے فیصل آباد کی طرز پر واٹر سپلائی، سینی ٹیشن اور اربن انفراسٹرکچر ماڈل کو دوسرے شہروں تک وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔مریم نواز شریف نے پنجاب میں مسلسل تعاون اوربہترین ڈویلپمنٹ پر جائیکا کی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جائیکا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترقی کیلئے جائیکا کے اشتراک کار کو سراہتے ہیں۔جائیکا صدرڈاکٹر اکیہیکو تاناکانے کہا کہ تعلیم، صحت، بااختیار خواتین اور انسانی وسائل کی ترقی میں باہمی تعاون کے لیے پرعزم ہے۔