سکولوں، کالجوں اور جامعات میں ڈیجیٹل آگاہی کو نصاب کا حصہ بنایا جائے:وزیراطلاعات
پاکستان میں ہزاروں جعلی ویڈیوززیر گردش، سائبر حملوں کا خطرہ مسلسل موجود ہے: چیئرمین پی ٹی اے
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر پاکستان میں مؤثر ریگولیٹری فریم ورک، جامع پالیسی اور ڈیجیٹل تعلیم کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جعلی خبروں اور سائبر حملوں سے نمٹنے کے لیے سکولوں، کالجوں اور جامعات میں ڈیجیٹل آگاہی کو نصاب کا حصہ بنایا جائے اور بچوں کو سائبر خطرات سے محفوظ رہنے کی تربیت دی جائے۔سائبر سیکیورٹی آگاہی ویک سیمینار کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ٹیکنالوجی تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، اس لیے سائبر سیکیورٹی اور سوشل میڈیا سے متعلق آگاہی کے لیے مسلسل اقدامات کرنا ہوں گے۔چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی میجر جنرل حفیظ الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے مسلسل خطرات کا سامنا ہے اور ملک میں ہزاروں کی تعداد میں جعلی ویڈیوز گردش کرتی ہیں، جبکہ سائبر حملوں کا خطرہ چوبیس گھنٹے موجود رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شہریوں کو جعلی فون کالز اور ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) سے متعلق مشکوک پیغامات موصول ہوتے ہیں، جن کے ذریعے انہیں دھوکا دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ ایسے پیغامات کی تصدیق کیے بغیر انہیں آگے نہ پھیلائیں، کیونکہ غلط معلومات کا پھیلاؤ مزید مسائل پیدا کر سکتا ہے۔