5 اگست کا احتجاج پُرامن ہوگا، تمام تیاریاں مکمل:عمر ایوب

 5 اگست کا احتجاج پُرامن ہوگا، تمام تیاریاں مکمل:عمر ایوب

پشاور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا 5 اگست کو ہونے والا احتجاج پُرامن ہوگا اور اس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ جیل میں ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے جبکہ اشرافیہ اپنی تجوریاں بھر رہی ہے۔"آصف علی زرداری کی شوگر ملز ہیں، ذخیرہ اندوزی جاری ہے"عمر ایوب نے سابق صدر آصف علی زرداری پر الزام عائد کیا کہ "ان کی شوگر ملز ہیں اور ان کی پانچوں انگلیاں گھی میں ہیں۔ ملک میں چینی کی ذخیرہ اندوزی جاری ہے اور عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔"

"پٹرول اور گیس مہنگی، ایران سے پٹرول کی اسمگلنگ"
انہوں نے کہا کہ "پٹرول، گیس اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔ 450 ارب روپے کا پٹرول ایران سے اسمگل ہو کر آتا ہے، لیکن حکومت اس پر قابو پانے میں ناکام ہے۔"

"بجلی کے بل اور اسمبلی میں سینسرشپ"
اپوزیشن لیڈر نے بجلی کے بلوں پر بھی شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ "1500 روپے کا بل بڑھ کر 15 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔"انہوں نے مزید الزام لگایا کہ "اسمبلی میں میری حکومت پر تنقید کو حذف کیا جا رہا ہے، یہ آزادی اظہار رائے پر قدغن ہے۔"عمر ایوب نے کہا کہ عوامی مسائل پر حکومت کو ٹف ٹائم دیا جائے گا اور 5 اگست کا احتجاج عوامی طاقت کا مظاہرہ ہوگا۔