اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو ہونے والا انصاف مارچ پُرامن ہوگا، اللہ نہ کرے مارچ کے دوران کوئی گولی چلے۔
انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ پرامن رہیں اور پی ٹی آئی کو دہشت گردوں سے نہ جوڑا جائے۔اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیاسی معاملات کا حل عدالتوں کے بجائے سیاسی طور پر نکالا جائے۔ ان کے مطابق عمران خان کو سپریم کورٹ، ہائی کورٹ اور پارلیمنٹ سے انصاف نہیں ملا، اب عوام ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں نہ ہونے پر سب سے زیادہ تشویش ہے۔ مختلف افراد ملاقات کا دعویٰ کر رہے ہیں، تاہم عمران خان سے ملاقات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ انصاف مارچ کو آگے بڑھایا جائے گا اور تمام سیاسی معاملات کو ساتھ لے کر چلیں گے۔اس موقع پر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ 27 ستمبر کے مارچ کے اعلان کے بعد پنجاب میں کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، جو قابل مذمت ہے۔
پی ٹی آئی ملک کی بڑی جماعت ہے لیکن اسے سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا رہی۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت معاشی، سیاسی اور امن و امان کے بحرانوں میں گھرا ہوا ہے، جبکہ صوبوں کی تقسیم کے نام پر عوام میں نفرتیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق جہاں احتجاج ختم ہوجاتا ہے وہاں معاشرے بھی کمزور ہوجاتے ہیں۔راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ملک کو آئین اور قانون کی حکمرانی کے ذریعے ہی بچایا جاسکتا ہے، طاقت کے ذریعے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارلیمان غیر متعلقہ ہوچکی ہے اور بنیادی حقوق سے متعلق عدالتوں کے بعض فیصلوں سے جمہوریت کو فائدہ نہیں پہنچ رہا۔