ویب ڈیسک: بھارت کے سابق وزیر داخلہ اور کانگریسی رہنما پی چدمبرم نے کہا ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں، حملہ آور بھارتی شہری ہیں جنہوں نے بھارت میں ہی تربیت حاصل کی۔
پی چدمبرم کا بیان:
پارلیمنٹ میں بحث کے دوران پی چدمبرم نے کہا کہ حکومت کے پاس پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ "اگر حملہ آور پاکستان سے آئے تھے تو ان کی شناخت اور ثبوت کیوں پیش نہیں کیے گئے؟"چدمبرم نے مزید کہا کہ "یہ حملہ آور بھارتی ہیں اور انہوں نے ملک میں ہی دہشت گردی کی تربیت لی۔"
بی جے پی کا ردعمل:
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے چدمبرم کے بیان پر شدید ہنگامہ کیا اور انہیں پاکستان کو کلین چٹ دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔بی جے پی رہنماؤں نے مودی حکومت کے مؤقف کو دہراتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پاکستان اس حملے میں ملوث ہے۔
پس منظر:
پہلگام، مقبوضہ کشمیر میں سیاحتی مقام پر فائرنگ کے واقعے میں 26 شہری ہلاک ہوئے تھے۔پاکستان نے واقعے کی مذمت کی تھی اور شفاف تحقیقات میں تعاون کی پیشکش بھی کی تھی، جسے مودی حکومت نے مسترد کر دیا۔
پی چدمبرم کا غزہ پر بیان:
چدمبرم نے اس سے قبل بھی مودی حکومت کے غزہ پر مؤقف پر تنقید کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ:"انسانیت غزہ میں شرمسار ہے، پناہ گزین کیمپوں میں بھوکے بچوں کی تصاویر دل دہلا دیتی ہیں۔""اقوام متحدہ کے مطابق مئی سے اب تک ایک ہزار سے زائد فلسطینی خوراک لینے کی کوشش میں مارے جا چکے ہیں۔ دنیا سو رہی ہے، اور جب جاگتی ہے تو اس کا ضمیر دفن ہوتا ہے۔"