سنگاپور: زمین دھنسنے سے کار گہرے گڑھے میں جاگری، ڈرائیور محفوظ

سنگاپور: زمین دھنسنے سے کار گہرے گڑھے میں جاگری، ڈرائیور محفوظ

سنگاپور میں تانجونگ کاٹونگ روڈ ساؤتھ اور ماؤنٹ بیٹن روڈ پر اچانک زمین دھنسنے سے ایک کار گہرے گڑھے میں جا گری، جس کے نتیجے میں سڑک کا ایک حصہ بند کر دیا گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ڈیش کیم فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک اچانک بیٹھ گئی اور ایک گہرا گڑھا بن گیا، جس میں ایک سیاہ کار پھنس گئی۔

خاتون ڈرائیور کو ریسکیو کر لیا گیا
قریب موجود تعمیراتی کارکنوں نے فوری ریسکیو کارروائی کرتے ہوئے رسی کے ذریعے کار میں موجود خاتون ڈرائیور کو باہر نکالا۔ بعدازاں سنگاپور سول ڈیفنس فورس (SCDF) کے اہلکار موقع پر پہنچے اور خاتون کو اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کی حالت کو مستحکم قرار دیا گیا۔

حکام کا ردعمل
سنگاپور کی قومی واٹر ایجنسی (PUB) نے تصدیق کی کہ خاتون کا مکمل طبی معائنہ کیا جا رہا ہے اور ادارہ انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کر رہا ہے۔متاثرہ کار کو کرین کے ذریعے گڑھے سے نکال لیا گیا، جبکہ سڑک کی مرمت کا کام جاری ہے۔لینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (LTA) نے اعلان کیا کہ تانجونگ کاٹونگ روڈ ساؤتھ کا ماؤنٹ بیٹن روڈ سے ایسٹ کوسٹ پارک وے (ECP) تک کا حصہ اگلے اعلان تک بند رہے گا۔