امریکا کے بڑے شہر زمین میں دھنسنے لگے، ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

امریکا کے بڑے شہر زمین میں دھنسنے لگے، ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

ایک تازہ تحقیق کے مطابق امریکا کے 28 سب سے زیادہ آبادی والے شہر زمین میں آہستہ آہستہ دھنسنے لگے ہیں، جو مستقبل میں نہ صرف رہائشی علاقوں بلکہ معیشت کے لیے بھی شدید خطرہ بن سکتے ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ نیویارک، شکاگو، ہیوسٹن، ڈیلس، فورٹ ورتھ، کولمبس، سیئیٹل، ڈینور اور ڈیٹرائٹ جیسے بڑے شہروں میں زمین دھنسنے کی اوسط رفتار سالانہ 2 ملی میٹر سے زیادہ ہے۔ صرف ہیوسٹن میں 42 فیصد علاقہ سالانہ 5 ملی میٹر اور 12 فیصد علاقہ 10 ملی میٹر سے بھی زیادہ نیچے جا رہا ہے۔ فورٹ ورتھ اور ڈیلس کی زمین سالانہ 4 ملی میٹر سے زائد رفتار سے دھنس رہی ہے۔یہ انکشاف معروف سائنسی جریدے "نیچر سٹیز" میں شائع ایک تحقیق میں کیا گیا ہے، جس کے مطابق زمین میں دھنسنے کی یہ صورتحال صرف مخصوص علاقوں تک محدود نہیں بلکہ پورے امریکا میں عام ہو چکی ہے۔

زمین دھنسنے کی بڑی وجوہات:
زیر زمین پانی کا زیادہ استعمال: پانی نکالنے سے زمین کے نیچے خلا پیدا ہوتا ہے جس سے زمین بیٹھنے لگتی ہے۔
تیل اور گیس نکالنا: قدرتی وسائل نکالنے سے زمین کی ساخت متاثر ہوتی ہے۔
عمارتوں کا وزن: بلند و بالا عمارتیں زمین پر دباؤ ڈالتی ہیں۔
شدید بارشیں اور طوفان: یہ عوامل زمین کی سطح کو غیر مستحکم کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ زمین کے مختلف حصے مختلف رفتار سے دھنس رہے ہیں، جس سے عمارتیں ایک طرف جھک سکتی ہیں، سڑکیں ٹوٹ سکتی ہیں، اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔رپورٹ میں حکومتی عہدیداروں اور اربن پلانرز کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کو فوری طور پر سنجیدگی سے لیں اور پائیدار اقدامات کریں تاکہ شہری انفراسٹرکچر کو محفوظ بنایا جا سکے۔