ویب ڈیسک: فیشن ڈیزائنر ماریہ بی نے اداکارہ سارہ خان کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے سابق صحافی اور لکھاری ریحام خان کے بیانات پر سخت تنقید کی ہے۔
رواں سال مئی میں ایک انٹرویو کے دوران سارہ خان نے خود کو "فیمنسٹ" کہلوانے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایک روایتی عورت ہیں۔ ان کا کہنا تھا:"مجھے گھر میں رہنا پسند ہے، میں لائن میں لگ کر بل دینا پسند نہیں کرتی، یہ سب میرے شوہر کریں۔ مردوں کو ان کا مقام ملنا چاہیے تاکہ خواتین سکون سے زندگی گزار سکیں۔"بعدازاں، سارہ خان کے ان خیالات پر ریحام خان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ:"سارہ خان آج جو کچھ بھی ہیں وہ فیمنزم کی وجہ سے ہیں۔ اگر خواتین کے حقوق کی تحریکیں نہ ہوتیں تو شاید انہیں بولنے یا اداکاری کا موقع نہ ملتا۔"ریحام نے مزید کہا تھا کہ اس قسم کی سوچ معاشرے میں خواتین کے لیے پہلے سے موجود رکاوٹوں کو مزید مضبوط کرتی ہے۔اب، ماریہ بی نے سارہ خان کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو اپنی ذاتی رائے دینے کا پورا حق ہے اور انہیں روایتی اقدار کے ساتھ جینے پر تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں۔