صائمہ قریشی کے بیان پر ریحام خان کا ردعمل، سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی

صائمہ قریشی کے بیان پر ریحام خان کا ردعمل، سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی

اداکارہ صائمہ قریشی کے خواتین کی کمائی اور دوسری شادی سے متعلق دیے گئے متنازع بیان پر ریحام خان کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

ریحام خان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک پاکستانی خاتون اداکارہ کے انٹرویو کے کلپس وائرل ہو رہے ہیں، جنہیں دیکھ کر مجھے بھی غصہ آیا۔ وہ خود ایکٹر ہیں اور کما رہی ہیں، لیکن کہہ رہی ہیں کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی۔ یہ کہنا بہت آسان ہے، مگر ایسا کرتے ہوئے وہ ان خواتین کی توہین کر رہی ہیں جو مجبوری میں کام کر رہی ہیں اور جن کے پاس یہ چوائس نہیں کہ وہ مردوں کی کمائی کا انتظار کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ منافقت اور شعور کی کمی کی حد دیکھیں کہ وہ کہہ رہی ہیں کہ عورت اپنی کمائی جتاتی ہے۔ میری بہن! مرد بھی جتاتا ہے۔ریحام خان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ کچھ لوگ صائمہ قریشی کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے پاکستانی معاشرتی اقدار کے مطابق بات کی ہے، جبکہ دیگر افراد ان کے بیان کو خواتین کے حقوق کی نفی قرار دے رہے ہیں۔واضح رہے کہ صائمہ قریشی نے یوٹیوبر عدنان فیصل کے ساتھ پوڈکاسٹ انٹرویو میں کہا تھا کہ "آپ مانیں یا نہ مانیں، لیکن حقیقت یہی ہے کہ برکت صرف مرد کی کمائی میں ہوتی ہے۔

 جب عورت گھر کے اخراجات خود اٹھانے لگتی ہے تو وہ لاشعوری طور پر اس کا اظہار کرتے ہوئے جتاتی بھی ہے، جس سے اکثر رشتوں میں تلخی پیدا ہو جاتی ہے۔"انہوں نے مزید کہا تھا کہ اگر کسی مرد کو دوسری شادی کرنی ہو تو اسے اپنی بیوی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں، کیونکہ یہ حق اسلام نے دیا ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ بے حیائی ختم کرنے کے لیے نکاح کو عام کرنا ضروری ہے، اور اگر کسی کو دوبارہ محبت ہو جائے تو وہ ایکسٹرا میریٹل افیئر کے بجائے دوسری شادی کرے اور اسے کھلے عام قبول کرے۔سوشل میڈیا پر صارفین اس معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں، کچھ لوگ صائمہ قریشی کے خیالات کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ دیگر ان پر تنقید کر رہے ہیں، خاص طور پر خواتین کی کمائی کے حوالے سے دیے گئے بیان کو کئی صارفین نے مسترد کر دیا ہے۔