کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کچے کے علاقوں میں رہائش پذیر عوام کو خبردار کرتے ہوئے فوری نقل مکانی کی اپیل کی ہے تاکہ ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں تباہی مچانے والا سیلابی ریلا اب سندھ کی جانب بڑھ رہا ہے اور گڈو بیراج پر ایک بڑا سیلابی ریلا داخل ہونے والا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت بہت کم ہے، اس لیے کچے کے علاقوں میں رہنے والے افراد کو چاہیے کہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ دریا کے کناروں کے قریب رہنے والوں کو چاہیے کہ وہ علاقے سے نکل جائیں تاکہ ان کی جان محفوظ رہ سکے۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت نے متاثرین کے لیے ریلیف کیمپ قائم کر رکھے ہیں اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیر اطلاعات نے ایک بار پھر زور دیا کہ پانی کے آنے سے پہلے ہی لوگ نقل مکانی کر لیں تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔