پاکستان کے بڑے شہروں میں چینی ساختہ الیکٹرک ٹرامز چلائی جائیں گی

 ٹرامز پٹری کے بجائے سڑک پر چلیں گی ، کئی ڈبوں پر مشتمل ہوں گی،اجلاس میں فیصلہ
اسلام آباد(آن لائن)لاہور کے بعد اب اسلام آباد میں بھی چین کی معروف کمپنی سی آرآر سی کی تیار کردہ الیکٹرک ٹرامز متعارف کرائی جائیں گی، جو پاکستان کو ریلوے کا سامان، مسافر کوچز اور انجن فراہم کرنے والی بڑی کمپنی ہے۔ یہ اقدام دارالحکومت کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم میں ایک اہم بہتری کی علامت ہے۔ گوادر پرو کے مطابق اسلام آباد میں الیکٹرک ٹرامز متعارف کروانے کا فیصلہ حال ہی میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ہیڈکوارٹر میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں الیکٹرک ٹرام بسیں متعارف کرائی جائیں گی تاکہ شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے ٹرام سسٹم کی فزیبلٹی اسٹڈی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ مصروف ترین روٹس پر جدید بس سروس شروع کی جا سکے۔ یہ ٹرامز کئی ڈبوں پر مشتمل ہوں گی تاکہ زیادہ مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے اور انہیں خصوصی طور پر خواتین اور معذور افراد کے لیے قابل رسائی بنایا جائے گا۔ گوادر پرو کے مطابق بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس منصوبے کے لیے مالی، عملیاتی اور بزنس ماڈلز پر مشتمل فزیبلٹی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔