رواں ماہ کے آخر تک مزید 100 گرین بسیں چلائی جائیں گی عظمی بخاری

وزیراعلیٰ مریم نواز عوام کے اعتماد پر پورا اتر رہی ہیںمختلف شعبوں میں حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں:وزیراطلاعات پنجاب
 پنجاب میں زرعی شعبے میں نمایاں بہتری، صوبہ اپنے حصے سے زیادہ گندم پیدا کر رہا ہے: وزیر خوراک عاشق حسین کرمانی ‘مشترکہ پریس کانفرنس
لاہور (سپیشل رپورٹر )وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے  رواں ماہ کے آخر تک مزید 100 گرین بسیں سڑکوں پر لائی جائیں گی۔عظمی بخاری نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو  کے دوران تنقید کرنے والوں کے بارے میں کہا  شور مچانے والے شور مچاتے رہیں گے، مریم نواز عوام کی فلاح کے کام کرتی رہیں گی‘  وزیراعلیٰ  عوام کے اعتماد پر پورا اتر رہی ہیںمختلف شعبوں میں حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ہر سروے میں وزیراعلیٰ کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ پنجاب میں متعدد بڑے منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت و خوراک  عاشق حسین کرمانی نے بتایا  پنجاب میں زرعی شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے اور صوبہ اپنے حصے سے زیادہ گندم پیدا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق رواں سال ریکارڈ رقبے پر گندم کاشت کی گئی ہے اور تقریباً 22.5 ملین ٹن گندم کی پیداوار متوقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کی مؤثر پالیسیوں کے باعث نہ صرف گندم کی مقامی پیداوار میں اضافہ ہوا بلکہ درآمد کی ضرورت بھی پیش نہیں آئی، جس سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوئی۔ گندم کے پرانے تمام ذخائر بھی ختم کر دیے گئے ہیں۔وزیر زراعت کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت گنے کی پیداوار میں 7 میٹرک ٹن اضافہ ہوا ہے جبکہ سبزیوں اور پھلوں کی پیداوار میں بھی ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔