اقوام متحدہ اور عالمی برادری فوری اور غیر مشروط جنگ بندی میں کردار ادا کرے،سردارایازصادق
اسلام آباد(آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسرائیلی افواج کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی افواج نے ظلم و بربریت کی تمام حدیں پار کر دی ہیں، غزہ میں سرحدیں بند کر کے بچوں، خواتین اور بزرگوں کو بھوکا مارا جا رہا ہے۔ایک بیان میں سپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق نے کہا کہ 60 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے، شہداء میں معصوم بچے، خواتین اور بزرگوں کی بڑی تعداد شامل ہیں۔اسرائیلی فورسز ہسپتالوں، گھروں، سکولوں اور امدادی مراکز پر بمباری کر رہی ہیں، خوراک اور امداد لینے والے نہتے شہریوں پر فائرنگ کی جا رہی ہے، غزہ میں سرحدیں بند کر کے بچوں، خواتین اور بزرگوں کو بھوکا مارا جا رہا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اسرائیلی افواج کا فلسطینیوں کیلئے نسانی امداد اور دواؤں کی فراہمی کو روکنا انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے، اسرائیلی مظالم کسی بھی انسانی، اخلاقی یا بین الاقوامی قانون کے مطابق جائز نہیں۔ اسرائیلی افواج کی کارروائیاں غیر انسانی، قابل نفرت ہیں، اقوام متحدہ اور عالمی برادری فوری اور غیر مشروط جنگ بندی میں کردار ادا کرے،عالمی برادری فلسطین پر غاصب قبضہ ختم کروائے، فلسطینیوں کو حق خودارادیت دیا جائے۔