لاہور میں پتنگ بازی کے سامان کے حوالے سے نئے قواعد و ضوابط کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
کمشنر لاہور مریم خان کے مطابق، آج سے دیگر شہروں سے پتنگ اور گڈے لانے کے لیے صرف لائسنس ہولڈرز کو اجازت ہوگی، اور گڈے یا ڈور لانے والے افراد کے لیے پرمٹ لینا لازمی ہوگا۔کمشنر نے کہا کہ یہ فیصلہ لاہور میں پتنگ بازی کے سامان کی مہنگائی اور قلت کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ سامان کی دستیابی اور قیمتیں متوازن رہیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے وضاحت کی کہ دیگر شہروں سے پتنگ اور ڈور کی آمد سے قیمتوں میں کمی آئے گی اور شہریوں کے لیے سامان کی دستیابی بہتر ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی شخص کو کسی سیاسی شخصیت کی تصویر والے گڈے اُڑانے کی اجازت نہیں ہوگی۔سی سی پی او نے بچوں کے حوالے سے کہا کہ 18 سال سے کم عمر کے بچے بھی پتنگ بازی کر سکتے ہیں، تاہم غیر قانونی ڈور اور پتنگ کے استعمال پر والدین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔یہ اقدامات شہریوں کی حفاظت اور پتنگ بازی کے دوران نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔