پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بانیٔ پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبر کی واضح تردید کر دی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ روز یہ خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی کہ انہیں بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کی پیشکش کی گئی تھی اور انہوں نے کسی فیملی ممبر یا وکیل کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا۔انہوں نے اس خبر کو قطعی غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فوری طور پر سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص سے رابطہ کیا تاکہ اس بے بنیاد خبر کی تردید کی جا سکے۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق شیخ وقاص نے نہ صرف یہ خبر مسترد کی بلکہ خود ٹی وی پر آ کر بھی وضاحت پیش کی، تاہم یہ غلط معلومات دوبارہ رپورٹ ہو رہی ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ ہر منگل کو اڈیالہ جیل جاتے ہیں اور وہاں صرف اس وقت تک رہتے ہیں جب تک پولیس انہیں آگے جانے سے نہیں روکتی، اور ملاقات کا وقت ختم ہونے پر واپس آ جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ گزشتہ روز بھی یہی معمول تھا، اور انہیں نہ حکومت کی طرف سے اور نہ ہی جیل حکام کی طرف سے بانی سے ملاقات کی کوئی پیشکش کی گئی، اس لیے کسی کے ساتھ جانے یا نہ جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔بیرسٹر گوہر نے خبردار کیا کہ بانی سے متعلق خبریں، خصوصاً ملاقاتوں سے جڑی معلومات انتہائی سنجیدہ نوعیت کی ہوتی ہیں، اور ایسی خبروں کو بغیر مستند ذرائع کے زیرِ بحث لانا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔