چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے بانیٔ پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ہائی بلڈ پریشر یا کسی اور بیماری کے باعث جیل اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔
اپنے تازہ بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ حکام سے اس معاملے کی تصدیق کی ہے اور بانیٔ پی ٹی آئی کے اہلِ خانہ کو بھی صورتِ حال سے آگاہ کر دیا ہے۔انہوں نے میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق کسی بھی غیر مصدقہ خبر کو نشر یا شیئر کرنے سے گریز کیا جائے اور صرف تصدیق شدہ معلومات پر اعتماد کیا جائے۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی جیل میں ناحق قید ہیں، اس لیے انہیں مناسب طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے دونوں کی رہائی کا مطالبہ بھی دہرایا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حساس نوعیت کے معاملات میں غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کیا جانا چاہیے تاکہ عوام میں بے چینی اور غلط فہمیاں پیدا نہ ہوں۔