فیض حمید کے بھائی کی ضمانت منسوخ، تحریری فیصلے میں وجہ واضح کردی گئی

فیض حمید کے بھائی کی ضمانت منسوخ، تحریری فیصلے میں وجہ واضح کردی گئی

اسلام آباد: اسپیشل جج سینٹرل ایف آئی اے نے فیض حمید کے بھائی نجف حمید کی ضمانت منسوخی کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

 اسپیشل جج شاہ رخ ارجمند کی جانب سے جاری تحریری فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ نجف حمید پر جعلی رجسٹری اور انتقال درج کرنے کا الزام ہے، جس کے تحت مدعی مقدمہ کو 1 کنال زمین منتقل کرنے کے بجائے دھوکہ دہی کے ذریعے صرف 10 مرلہ زمین منتقل کرنے پر مجبور کیا گیا۔تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ نجف حمید پر سرکاری عہدے کا غلط استعمال اور ذاتی فائدہ حاصل کرنے کے الزامات بھی عائد ہیں۔ استغاثہ نے موقف اختیار کیا کہ اصل حقائق تک رسائی اور تفتیش کے لیے ملزم کی گرفتاری ضروری ہے اور شکایت کنندہ کے بیان یا سمجھوتے کی بنیاد پر ضمانت جیسی غیر معمولی رعایت نہیں دی جا سکتی۔

فیض حمید کے بھائی کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت بھی انکوائری جاری ہے۔ عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا کہ سرکاری عہدے کے غلط استعمال کے الزامات سنگین نوعیت کے ہیں اور انہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، اس لیے استغاثہ کی ضمانت منسوخی کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔