بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے میں فیض حمید کا مرکزی کردار تھا، خواجہ آصف

بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے میں فیض حمید کا مرکزی کردار تھا، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو اقتدار میں لانے میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کا اہم کردار تھا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں دھاندلی اور بانی پی ٹی آئی کے دورِ اقتدار میں سویلینز کے ملٹری ٹرائلز کی تفصیلات سامنے آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور فیض حمید کی پارٹنرشپ 2018 سے 9 مئی تک جاری رہی اور دونوں نے مل کر پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے کے لیے کام کیا۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد بھی یہ پارٹنرشپ جاری رہی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ 12 مئی کو ڈی چوک میں ہونے والی ہلاکتوں کے حوالے سے پی ٹی آئی نے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا اور ملبہ پولیس اور رینجرز پر ڈالنے کی کوشش کی۔

 خواجہ آصف نے کہا کہ 2018 میں پی ٹی آئی کو انتخابات میں جتانے کے لیے ہر طرح کی امداد دی گئی، مخالفین کو جیل میں ڈالا گیا، اور ان کے خلاف جعلی مقدمات بنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران سینٹ انتخابات میں بھی یہی کردار نمایاں رہے۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ اگر فیض حمید کے خلاف شہادتیں سامنے آئیں، تو اس سے جنرل باجوہ تک اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، تاہم اس وقت "ون پیج" کی صورتحال کا علم نہیں ہے۔