بندر نے شیر خوار بچہ چھین کر گہرے کنویں میں پھینک دیا

چھتیس گڑھ(نیٹ نیوز) بندر نے ایک ماں کی گود سے اس کے شیر خوار بچے کو چھین کر گہرے کنویں میں پھینک دیا پھر حیرت انگیز واقعہ رونما ہوا۔بھارت میں بندروں کی بہتات ہے اور آئے روز ان سے جڑے کئی واقعات میڈیا کی زینت بنتے رہتے ہیں، جس میں کئی انتہائی سنگین نوعیت کے ہوتے ہیں۔ ایسا ہی ایک خوفناک واقعہ چھتیس گڑھ میں پیش آیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سیونی ضلع کے ایک گاوں میں پیش آیا جہاں ایک خاتون اپنے گھر کے باہر 20 دن کے بچے کو گود میں لیے بیٹھی تھی کہ اچانک وہاں کچھ بندر نمودار ہوئے۔بندروں نے خاتون پر حملہ کر دیا اور ایک بندر نے بچے کو ماں کی گود سے اٹھا کر بھاگا۔ یہ منظر دیکھ کر بچے کی والدہ اور اہل علاقہ بندر کے پیچھے بھاگے تو اس نے بچے کو ایک گہرے کنویں میں پھینک دیا اور فرار ہو گیا۔یہ منظر دیکھ کر بچے کی والدہ اور اہل علازہ سکتہ طاری ہو گیا۔ گاو?ں کے لوگ جب کنویں کے قریب پہنچے تو بچہ پانی میں تیرتا دکھائی دیا۔ جسے فوراً نکال کر ابتدائی طبی امداد دے کر بچا لیا گیا۔مقامی نرس راجیشوری نے بتایا کہ بچے کے ڈائپر کی وجہ سے وہ پانی میں تیر رہا تھا۔ تاہم بچے کے بچ جانے پر اس کے والدین نے سکھ کی سانس لی۔گاؤں کے لوگوں نے انتظامیہ سے شکایت کی کہ بندر اور دیگر جنگلی جانور اکثر گھروں میں آ کر حملہ کرتے ہیں، لیکن کئی بار شکایات کے باوجود حکام نے کوئی کارروائی نہیں کی۔