سی آ ر وی او کے علاج کیلئے آپریشن تھیٹرضرورت، انتظامیہ علاج جیل میں کرانے پر بضد
بیرسٹر گوہر کا اکیلے عمران خان سے ملاقات سے انکار ، کسی اور رہنما کو اجازت نہ ملی
اسلام آباد ، راولپنڈی (خصوصی رپورٹ )پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی عمران خان کی آنکھ کی وین میں خطرناک بلاکیج کے باعث بینائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ۔پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان کی دائیں آنکھ میں سی آر وی او کی تشخیص ہوئی ہے جس کے باعث آنکھ کی وین میں خطرناک بلاکیج پیدا ہو چکی۔پی ٹی آئی نے بتایا کہ ڈاکٹرز کے مطابق یہ سنگین طبی مسئلہ ہے ،اس کے نتیجے میں بینائی شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا ہے کہ جیل انتظامیہ علاج جیل کے اندر کرانے پر بضد ہے، جبکہ ڈاکٹرز نے واضح طور پر اسے ناممکن قرار دیا ہے کیونکہ سی آر وی او کے علاج کیلئے آپریشن تھیٹر اور خصوصی طبی سہولتوں کی ضرورت ہوتی ہے، جو جیل کے اندر ممکن نہیں۔پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کی فیملی اور رفقا سے فوری ملاقات کرائی جائے اور انہیں مناسب اور فوری طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت کے باوجودچیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اکیلے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا اور کسی کو ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دن منگل کو چھ وکلا تینوں بہنوں اور بشری بی بی کی فیملی کی ملاقات نہ ہو سکی۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان ملاقات کی اجازت ملنے کے باوجود واپس روانہ ہوگئے، گوہر نے موقف اختیار کیاکہ ملاقات میں ایک فیملی ممبر یا وکیل کو شامل کیا جائے،۔ بہنوں کے ہمراہ ماربل فیکٹری ناکہ پر میڈیا سے بات چیت میں عمران خان کی بہن علیمہ خانم کا کہنا ہے کہ پاکستان بند کرنے کی شروعات 8فروری کو تحریک تحفظ آئین نے کال دے رکھی ہیہم سارا پاکستان بند کریں گے،انھوں نے بسنت کا اعلان کر دیا ساری پتنگیں آئیں گی اور اوپر قیدی نمبر 804 لکھا ہو گا۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ نہ نیا پاکستان بنا نہ پرانا واپس لوٹا اور نہ ہی ہائبرڈ نظام چل سکا ہے۔ میری گزارش ہے جو بھی بانی سے ملاقات کرا سکتا ہے ملاقات کرا دے۔ جتنا رخنہ ڈالا جائے گا حالات اتنے ہی خراب ہوں گے۔بیرسٹر گوہر خان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے بانی کی آنکھ میں انفیکشن کی بات میڈیا سے پتہ چلی ہے اگر ایسا کوئی معاملہ ہے تو یہ تشویش کی بات ہے۔ترجمان خیبرپختونخوا حکومت شفیع جان کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے ہمیں بڑی تشویش ہے لہذا کسی بھی رہنما یا ان کی بہن کی ان سے 5 منٹ کیلئے ملاقات کروائی جائے۔ میڈیا کے ذریعے پتا چلابانی کی ایک آنکھ کی ایک وین بلاک ہو گئی ہے