بانی پی ٹی آئی کو انجیکشن سے آگاہ کیا گیا، رضامندی لی گئی ،دائیں آنکھ کا کامیاب طبی علاج کیا گیا، رپورٹ
9 مئی ،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانتوں میں توسیع ،آئندہ سماعت پر بذریعہ ویڈیو لنک پیش کرنے کی ہدایت
راولپنڈی، اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )پمز ہسپتال اسلام آباد نے عمران خان کی آنکھ کے معائنے کی تازہ میڈیکل رپورٹ جاری کردی ، جس میں بتایا گیا ہے کہ ماہرین نے دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی تشخیص کی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کی جانب سے جاری بانی پی ٹی آئی کی طبی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 74 سالہ عمران خان نے دائیں آنکھ میں نظر کی کمی کی شکایت کی اور پمز اسلام آباد کے سینئر اور مستند ماہر امراض چشم نے اڈیالہ جیل میں آنکھوں کا مکمل معائنہ کیا۔ ابتدائی معائنے کی بنیاد پر دائیں آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوڑن کی تشخیص کی گئی اور ہسپتال میں فالو اَپ علاج تجویز کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق علاج کے لیے پمز منتقل کیا گیا، ہسپتال میں عمران خان کو دوا کے انجیکشن کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ کیا گیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ علاج سے قبل مریض سے رضامندی لی گئی اور عمران خان کی دائیں آنکھ کا کامیاب طبی علاج کیا گیا۔پمز کی انتظامیہ نے بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے تفصیلی میڈیکل رپورٹ اڈیالہ جیل حکام کو بھجوا دی۔ طبی عمل تقریباً 20 منٹ میں کامیابی سے مکمل ہوا اور حالت مستحکم رہی ہے۔پمز کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کو علاج کے بعد فالو اپ ہدایات کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے تصدیق کی ہے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ خاندانوں والوں کے حوالے کر دی گئی۔ ایکس پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کی جانب سے وزیر اعظم کو خط لکھا گیا تھا۔ادھر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی میڈیکل رپورٹ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کر دی گئی۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل جماعت علی شاہ اے ٹی سی میں پیش ہوئے اور اڈیالا جیل حکام نے بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کرائی گئی۔عدالت میں پیش رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل رولز کے مطابق میڈیکل کی تمام سہولت دی جا رہی ہیں۔ عدالت نے وکلائے صفائی اور سرکاری پراسیکیوٹر کو آج ہفتہ 7 فروری کو دلائل پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں 17 فروری تک توسیع کردی۔ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 9 مئی اور دیگر پانچ مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ کی عدالت میں زیر سماعت مبینہ ریاست مخالف ٹویٹس سے متعلق مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما سیمابیہ طاہر کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کر دی۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے لیے کیس کی مزید سماعت 13 فروری تک ملتوی کر دی۔