سرجری سے بینائی ضائع ہونے کا خدشہ تھا: اے بی ڈی ویلیئرز

جوہانسبرگ (سپورٹس ڈیسک)جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے انکشاف کیا ہے کہ ڈاکٹروں نے مجھے خبردار کیا تھا کہ دائیں آنکھ کے پردے کے اپنی جگہ سے ہٹ جانے کے باعث میں بینائی سے محروم ہو سکتا تھا۔ایک پوڈکاسٹ میں انجری کے ساتھ کرکٹ کھیلنے سے متعلق سوال پر اے بی ڈی ویلیئرز نے بتایا ہے کہ کچھ عرصہ قبل میری آنکھ کی سرجری ہوئی تھی، دائیں آنکھ میری غالب آنکھ نہیں تھی، اس لیے اس انجری نے کرکٹ پر زیادہ اثر نہیں ڈالا۔انہوں نے بتایا کہ انڈین پریمیئر لیگ کے دوران خصوصا رات کے وقت دائیں آنکھ کی بینائی دھندلا جاتی تھی، کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد میں نے آنکھ کا معائنہ کرایا کیونکہ میں اپنے کھیلنے کے دنوں میں سرجری نہیں کرانا چاہتا تھا۔اے بی ڈی ویلیئرز کے مطابق ڈاکٹروں نے معائنے کے دوران آنکھ کے پردے کے اپنی جگہ سے ہٹ جانے کی تشخیص کی اور اگلے ہی روز آپریشن کر دیا، ڈاکٹروں نے خبردار کیا تھا کہ میں اپنی بینائی بھی کھو سکتا تھا۔دسمبر 2023 میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ میرے بیٹے نے غلطی سے اپنی ایڑی میری آنکھ پر مار دی تھی اور میں اپنے کیریئر کے آخری 2 سال آنکھ کے پردے کی اس تکلیف کے ساتھ کھیلتا رہا۔