سامان میں کمبل، صابن اور پلاسٹک کے کین سمیت اہم اشیاء شامل ہیں، ترجمان
لاہور(کرائم رپورٹر)شادباغ میں بچوں کے حقوق کے عالمی ادارے یونیسف کے امدادی سامان کی چوری کا پردہ فاش ہونے کے بعد شادباغ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان ریکور کر لیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے وقوعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی تھی کہ ملزمان کی گرفتاری اور سامان کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے بر آمد شدہ سامان میں کمبل، صابن، پلاسٹک کے کین، بورنگ میٹریل اور دیگر اہم امدادی آلات شامل ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ چوری میں ملوث دیگر کرداروں کی شناخت کے لیے مزید تفتیش جاری ہے اور جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔پولیس حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ امدادی سامان کی چوری یا نقل و حمل کے دوران کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دی جائے تاکہ امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔