سمگلنگ کے خاتمہ سے فائدہ عوام کو ہی پہنچے گا، جان و مال کے دشمن ان مسلح جتھوں کو جواب دینا ریاستی اداروں کا آئینی اور قانونی حق ہے
بلوچستان میں ہم آہنگی اور ترقی کیلئے ریاست، میڈیا اور عوام کو ذمہ داری نبھانا ہوگی:آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام پروگرام میں طلبا ء سے خطاب
راولپنڈی (آ ئی این پی )سابق نگران وزیر اعظم سینیٹر انوار الحق کاکڑ افغانستان سے تجارت صرف قانونی طریقے سے ممکن ہے، اسمگلنگ کے خاتمہ سے فائدہ پاکستانی عوام کو ہی پہنچے گا۔ آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام نوجوانوں کی فکری تربیت کیلئے "ونٹر انٹرن شپ 2026" کا انعقاد کیا گیا جس میں سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے طلبا کے ساتھ خصوصی نشست میں بلوچستان کے حوالے سے فتنہ الہندوستان کے گمراہ کن پروپیگنڈے کو آشکار کیا۔سینیٹر انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ شدت پسند عناصر نے بلوچستان کے حوالہ سے جھوٹے اور گمراہ کن بیانیہ کے تحت مسلح گروہ اور جتھے تشکیل دئیے، یہ گروہ دلیل اور مکالمے پر یقین نہیں رکھتے کیونکہ ان کی دلچسپی مفاہمت میں نہیں بلکہ تصادم اور بدامنی میں ہے۔سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے دشمن ان مسلح جتھوں کو جواب دینا ریاستی اداروں کا آئینی اور قانونی حق ہے، علاقائی سیکیورٹی کے تناظر میں افواج پاکستان محدود بجٹ اور وسائل کے باوجود موثر حکمتِ عملی اپنائے ہوئے ہیں۔