نعمان ،اشفاق نے عمر اْپل کو کوٹ رادھاکشن کے علاقہ میں قتل کر دیا تھا، ماسٹر مائنڈ رائو تنویر بھائی سمیت گرفتار
پھولنگر ،پتوکی،قصور(خصوصی رپورٹ)کو ٹ ر ادھاکشن پولیس کا پھولنگر کے علاقہ دیناناتھ کے قریب پولیس مقابلہ، نجی ملز کے جنرل منیجر کو قتل کرنیوالے دو ٹارگٹ کلرز ہلاک، ماسٹر مائنڈ رائو تنویربھائی سمیت گرفتار ،ہلاک ہونیوالے شوٹرز کی شناخت رنگیل پورکے رہائشی نعمان ولد خالد اور اشفاق ولد حیدر کے ناموں سے ہوئی۔ تفصیل کے مطابق چند روز قبل نجی ملز کے جی ایم عمر اْپل کو ملزموں نے کوٹ رادھاکشن کے علاقہ میں قتل کر دیا تھا۔ڈی پی او قصور عیسیٰ خاں کے نوٹس پر ایس ایچ او کوٹ رادھاکشن پر مشتمل ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مددسے 48 گھنٹے کے اندر ٹریس کرکے ایک ملزم رضوان کو حراست میں لیا تو اس نے بتایا میرے بھائی ٹرانسپورٹر رائو تنویر نے دو ٹارگٹ کلرز سے عمر اْپل کو قتل کروایا جسکی میں نے ریکی کی تھی۔پولیس نے گزشتہ شب دیگر ملزموں کی گرفتاری کیلئے دیناناتھ میں فارم ہائوس پر ریڈ کیا جہاں ملزم رائو تنویر ٹارگٹ کلرز کیساتھ میٹنگ کر رہا تھا ،پولیس نے سرنڈر کرنے کا اعلان کیا تو رائو تنویر نے ثبوت مٹانے کیلئے اپنے ہی ٹارگٹ کلرز کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا۔ پولیس نے رائو تنویر کوموقع سیگرفتار کر لیا، زخمی ٹارگٹ کلرز کو ہسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ دونوں ملزم راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ تھانہ صدر پھولنگر پولیس نے رائو تنویر کیخلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔