عبداللہ طاہر قتل کیس، شوٹرز کا تعلق باجوڑ سے نکلا

لاہور (کرائم رپورٹر) پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق عبداللہ طاہر کو قتل کرنے والے مبینہ شوٹرز کا تعلق علاقہ غیر باجوڑ سے ہے، جبکہ ملزمان کی مبینہ سہولت کاری گوجرانوالہ کے ارسلان جٹ نے کی۔ ذرائع کے مطابق شوٹرز کو گوجرانوالہ سے لاہور لایا گیا، جنہوں نے واردات کے بعد باجوڑ پہنچنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کے زمان عرف گوکی بٹ سے پرانے تعلقات ہیں۔ عبداللہ طاہر قتل کیس میں اب تک 28 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کی جاچکی ہے، تاہم سی سی ڈی شوٹرز کو گرفتار کرنے میں تاحال کامیاب نہیں ہوسکی۔ ذرائع کے مطابق عبداللہ طاہر اور نارووال کے سجاد منہیس کے درمیان بھی اچھے تعلقات تھے اور دونوں نے نارووال میں مبینہ طور پر 22 کروڑ روپے میں ریت کا ٹھیکہ لیا تھا۔ عبداللہ طاہر اور سجاد منہیس پر زمان کے بھتیجوں کو قتل کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں فریقین میں صلح ہوگئی تھی۔