عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ ایمل ولی خان نے پیکا ایکٹ کے خلاف شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے کالا قانون قرار دیا ہے۔
سینیٹ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ اگر کوئی ریاست کی سوچ کے خلاف آواز اٹھائے گا تو اسے نشانہ بنایا جائے گا، اور ان کے مطابق وہ بھی اسی قانون کا اولین شکار بنیں گے کیونکہ وہ ہمیشہ اس کے خلاف بولتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیک نیوز کے لیے قانون بننا ضروری ہے، لیکن آزادی اظہار پر قدغن نہیں لگنا چاہیے۔ ایمل ولی خان نے یاد دلایا کہ آزادی اظہار کے لیے ان کے خاندان نے قربانیاں دیں اور سیاستدانوں کو تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ رکھنا چاہیے۔یہ موقف اس وقت سامنے آیا جب سینیٹ میں متنازع پیکا ایکٹ ترمیمی بل منظور کیا گیا تھا، جس پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور سینیٹ گیلری سے صحافیوں نے واک آؤٹ کیا تھا۔