19 اپریل صوبائی خود مختاری اور جمہوری بالادستی کا دن ہے:ایمل ولی خان

19 اپریل صوبائی خود مختاری اور جمہوری بالادستی کا دن ہے:ایمل ولی خان

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے 19 اپریل کو صوبائی خودمختاری اور جمہوری بالادستی کے دن کے طور پر یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن اٹھارہویں آئینی ترمیم کی تکمیل کا دن ہے، جس کے 15 سال مکمل ہو گئے ہیں۔

ایمل ولی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم نے صوبوں کو وفاقی نظام میں مزید خودمختاری فراہم کی، اور یہ ترمیم پاکستان کے وفاقی ڈھانچے میں اہم تبدیلی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترمیم عوام کے مفاد میں تھی، جس کے تحت صوبوں کو اپنے وسائل اور اختیارات میں اضافہ ہوا اور وفاقی سطح پر فیصلوں میں صوبوں کی رائے اور شراکت داری کی اہمیت بڑھ گئی۔ایمل ولی خان نے اس بات پر زور دیا کہ اٹھارہویں ترمیم کو کمزور کرنے کی مسلسل کوششیں ہو رہی ہیں، لیکن عوامی نیشنل پارٹی ہمیشہ آئینی اور جمہوری طریقے سے صوبائی خود مختاری کا دفاع کرے گی۔

 انہوں نے کہا کہ اے این پی صوبوں کی خودمختاری کے لئے ہر سطح پر آواز اٹھاتی رہے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ صوبوں کے حقوق کا تحفظ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے جمہوریت کو مضبوط کیا گیا اور عوامی مفاد میں فیصلے کرنے کی طاقت صوبوں کو دی گئی۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اپنے موقف پر ثابت قدم ہے اور صوبوں کی آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے مسلسل جدوجہد جاری رکھے گی۔