نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے اقدامات، وزیرِ اعظم شہباز شریف

نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے اقدامات، وزیرِ اعظم شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کی ترقی اور اہمیت پر زور دیا۔

 انہوں نے کہا کہ اپنی سیاسی زندگی میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کی خوشحالی کو قومی ترقی کے لیے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارے مستقبل کی ضمانت ہیں اور ان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ وزیرِ اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دولت مشترکہ کے رکن ممالک کی 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، اور ان کا مستقبل معاشرتی، اقتصادی اور سیاسی ترقی کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان دولت مشترکہ کا بانی رکن ہے اور اس کے لیے دولت مشترکہ کے رکن ملکوں کے درمیان بہترین شراکت داری ضروری ہے تاکہ وہ چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔ وزیرِ اعظم نے دولت مشترکہ کی 54 رکن ریاستوں میں نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور فنی تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ قومی ترقی، پالیسی سازی، اور عالمی سطح پر تبدیلی کا حصہ بن سکیں۔

شہباز شریف نے اپنے خطاب میں وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کی ترقی اور بہبود کے لیے ایک اہم فلیگ شپ پروگرام ہے۔ اس پروگرام کے تحت 6 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں تاکہ نوجوانوں کو بہتر تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ نوجوان تبدیلی کے نقیب ہیں اور ان کے کردار کو قومی ترقی اور پالیسی سازی میں بڑھانا ضروری ہے تاکہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس سمٹ کی میزبانی پر انہیں خوشی ہے اور اس سمٹ کو نوجوانوں کی ترقی کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو اپنی تقدیر کا خود مالک بنانے کے لیے محنت، تعلیم اور شراکت داری کے اہمیت پر زور دیا۔