وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب بھر میں بے گھر شہریوں کو مفت پلاٹ دینے کے لیے ایک سکیم پر بھی غور کیا گیا، جس کے تحت 9 ہزار 15 مکانوں کی تعمیر کے لیے 8 ارب 20 کروڑ روپے کے قرضے جاری کیے گئے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ 2050 افراد کو مکانات کی تعمیرات کے لیے قرض کی دوسری قسط بھی فراہم کی جا چکی ہے، اور اس وقت "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام کے تحت 4841 گھروں کی تعمیر جاری ہے۔ اس کے علاوہ، پروگرام کے پورٹل پر وزٹ کرنے والے شہریوں کی تعداد 7 لاکھ 28 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔پروگرام کے تحت 4 لاکھ سے زائد درخواستیں مکمل دستاویزات کے ساتھ جمع ہو چکی ہیں، اور 74 ہزار سے زائد ڈرافٹ درخواستیں بھی پورٹل پر موجود ہیں۔
مریم نواز نے 3 اور 5 مرلے کی ہاؤسنگ سکیموں کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ پنجاب میں 20 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف پورا کیا جائے، اور عوام کو فری پلاٹ دینے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ اس سلسلے میں ٹی او آرز طے کرنے کے لیے 8 رکنی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے تاکہ یہ ہدف کامیابی سے حاصل کیا جا سکے۔