پنجاب بھر میں 12 ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر کیں: مریم نواز

پنجاب بھر میں 12 ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر کیں: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راولپنڈی میں نواز شریف فلائی اوور سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، اس موقع پر تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایک سال کے دوران پنجاب میں سڑکوں کا جال بچھا دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کام سے عوام مطمئن ہیں اور سی اینڈ ڈبلیو (کمیونیکیشن اینڈ ورکس) ڈیپارٹمنٹ نے جو کارکردگی دکھائی ہے وہ لائقِ تحسین ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک پنجاب بھر میں 12 ہزار کلومیٹر طویل سڑکیں بنائی جا چکی ہیں۔مریم نواز نے راولپنڈی کے انڈر پاس منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا اور اس کی بدولت راولپنڈی سے چکری کا سفر ایک گھنٹہ کم ہو جائے گا۔وزیراعلیٰ نے دیگر منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں پانی کی قلت کے خاتمے کے لیے 50 ارب روپے کی لاگت سے منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو بھی صاف پانی مہیا کیا جائے گا اور پنجاب کے تمام شہروں میں سیوریج نظام کو جدید اور فعال بنایا جائے گا۔مریم نواز نے عزم ظاہر کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر سطح پر ممکن بنائی جا سکے۔