وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کم آمدن افراد کے لیے گھروں کی فراہمی کے ایک نئے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت اڑھائی سے 3 مرلہ سرکاری اراضی پر 37 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر ممکن ہوگی۔
وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کو پراجیکٹ ڈائریکٹر عمران علی سلطان نے بریفنگ دی کہ ورلڈ بینک کے اشتراک سے 25 اضلاع کے 35 مقامات پر گھروں کی تعمیر شروع ہوگی، جن میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، لیہ اور خانیوال شامل ہیں۔بلال یاسین نے بتایا کہ سرکاری اراضی پر اگلے 3 ماہ میں پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے تعمیراتی کام کا آغاز ہوگا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی اولین ترجیحات میں مستحق خاندانوں کو اپنے گھر فراہم کرنا شامل ہے۔
اس منصوبے کے تحت 5 سال میں ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام کے ذریعے 5 لاکھ سے زائد خاندانوں کو گھر مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور افورڈایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ میں کم سے کم اقساط مقرر کی جائیں گی۔