وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مصروفیات کے باعث آج ہونے والا وفاقی کابینہ اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔
اس اجلاس کا 13 نکاتی ایجنڈا پہلے ہی جاری کیا جا چکا تھا، جس میں متعدد اہم فیصلے اور سمریاں شامل تھیں۔ایجنڈے میں شامل کچھ اہم نکات میں قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کے پائلٹس کے جعلی لائسنسز کے حوالے سے قانونی کارروائی کی تفصیلات، مڈل ایسٹ گرین منصوبے کی توثیق، وزارتِ کامرس کی سمری پر غور، اور ایکس سروس مین کے لیے وزیراعظم کے پیکیج کے تحت عدم ادائیگیاں شامل تھیں۔کابینہ اجلاس میں مزید نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ کے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل، وزارتِ قومی صحت کے زیرِ انتظام میڈیکل کالجز کے ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس سیٹوں کے کوٹے کی توثیق پر بھی تبادلہ خیال ہونا تھا۔ اس کے علاوہ، پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ایڈوانس ڈیٹا کے تبادلے سے متعلق ایم او یو کی توثیق، ریاستی ملکیتی اداروں کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے 17 جنوری کے فیصلوں کی توثیق اور کابینہ کمیٹی برائے ڈسپوزل لیجسلیٹو کیسز کے 17 دسمبر اور 22 جنوری کے فیصلوں کی توثیق پر بھی بات چیت شامل تھی۔اس سے قبل، وزیراعظم کی نجی مصروفیات کے باعث 23 جنوری کو بھی وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کیا جا چکا تھا۔