کراچی میں منشیات کیس کی سماعت، چرس کھجور اور کرسٹل گرم مصالحہ میں تبدیل ہوگئی‘ عدالت نے وضاحت طلب کرلی

 کراچی (آئی این پی )ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سائوتھ کی عدالت میں منشیات کے مقدمے میں چرس کھجور میں تبدیل ہوگئی، کرسٹل گرم مصالحہ بن گیا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق لیاری کے علاقے کلاکوٹ سے ملزم سے منشیات برآمدگی کے کیس کی سماعت ہوئی، ایف آئی آر کے مطابق مئی 2023 میں کلاکوٹ پولیس نے ملزم غلام مصطفی کے قبضے سے منشیات برآمد کی تھی۔مقدمے کے متن کے مطابق ملزم سے 3 کلو چرس اور 300 گرام کرسٹل برآمد کی گئی تھی، کیمیکل ایگزامنر نے جانچ کے بعد چرس اور کرسٹل کی تصدیق کی تھی۔استغاثہ کے گواہوں کی جرح کے دوران سیل شدہ کیس پراپرٹی کھولی گئی، وکیل صفائی نے دعوی کیا کہ مذکورہ اشیا چرس نہیں کھجور ہے، وکیل صفائی کے اعتراض پر عدالت نے کیس پراپرٹی کا معائنہ کیا۔سماعت کرنے والے جج بھی حیران رہ گئے اور کہا کہ کیس پراپرٹی سے کھجور جیسی خوشبو آرہی ہے، عدالت نے تفتیشی افسر سے وضاحت طلب کرلی۔