بھارتی بحریہ کی جانب سے روہنگیا مہاجرین کو سمندر میں دھکیلنے کی رپورٹس، اقوام متحدہ نے وضاحت طلب کرلی

 جنیوا(آئی این پی ) اقوام متحدہ کے ایک ماہر نے بھارت سے ان خبروں پر وضاحت طلب کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ بھارتی بحریہ نے درجنوں روہنگیا مہاجرین کو زبردستی انڈومان سی میں اتار دیا اور یہ عمل ناقابلِ معافی قرار دیا گیا ہے۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق ٹام اینڈریوز، جو کہ میانمار میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے ہیں، نے کہا کہ انہیں قابلِ اعتبار اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن کی وہ تحقیقات کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ تصور ہی ناقابلِ قبول ہے کہ مہاجرین کو نیوی کے جہازوں سے سمندر میں پھینکا گیا ہو۔انہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مکمل وضاحت دے اور اس واقعے کی تمام تفصیلات پیش کرے۔