ملتان:گیس ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا‘6افراد جاں بحق‘31 زخمی

 انڈسٹریل اسٹیٹ کے  گیس بازر میں  15 سے 16 افراد ٹینکر سے ایل پی جی  کی ری فلنگ کر رہے تھے اچانک آگ بھڑک اٹھی، 
ملزم اطلاع دینے کے بجائے فرار 
 دھماکے سے قریبی آبادیوں کے 20گھر مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن گئے، گیس کا اخراج، علاقے کو خالی کرالیا گیا، 8 نامزد اور 7  نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ ‘2گرفتار

ملتان (آئی این پی )ملتان   میں گیس سے بھرے ٹینکرمیں دھماکے سے 6 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق ایل پی جی باوزر میں دھماکے سے آگ لگ گئی اور  باوزر پھٹنے سے  ٹکڑے قریبی آبادی پر جا گرے۔ریسکیو حکام  نے بتایا کہ کئی گھنٹوں کی جدو جہد کے بعد آگ بجھا دی گئی ، آگ بجھانے میں 10سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا اور فوم بھی استعمال کی گئی۔ سی پی او  ملتان صادق علی کاکہنا ہے  گیس بازر دھماکے میں کئی مکانات تباہ اور جانور جھلس کر ہلاک ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ ایل پی جی بازر سے گیس کا اخراج جاری ہے، علاقے کو خالی کرالیا گیا، دھماکے کی جگہ سے ملحقہ مکان سے بھی ایک لاش برآمد ہوئی،دھماکے سے قریبی آبادیوں کے  20گھر مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن گئے جب کہ دھماکے سے جزوی طور پر 70 گھر متاثر ہوئے ہیں‘ دھماکے کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق 15سے 16افراد ٹینکر سے ایل پی جی گیس کی ری فلنگ کر رہے تھے کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی،ملزم  آگ کی اطلاع دینے کی بجائے موقع سے فرار ہوگئے،پولیس نے تھانہ مظفر آباد میں 8 نامزد اور 7 نامعلوم افراد اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ کمشنر کی سربراہی میں واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔پولیس نے 2 نامزد ملزموں کو گرفتار کر لیا