ڈی جی خان: گیس ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا، ایک شخص جاں بحق

 انڈس ہائی وے پر پمپ پر کھڑے 4گیس باوزر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی،ایک ریسکیو اہلکار زخمی
 وزیراعلیٰ نے تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی، جاں بحق شخص کے لواحقین وزخمی کے لیے امدادکااعلان 
ڈیرہ غازی خان (آئی این پی ) ڈیرہ غازی خان میں بھی چار گیس باوزر میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک ریسکیو اہلکار زخمی ہوگیا۔تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے علاقہ کوٹ چھٹہ کے قریب انڈس ہائی وے پر پمپ پر کھڑے 4گیس باوزر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک ریسکیو اہلکار زخمی ہوگئے۔اس کے بعد قریب موجود دیگر دو گیس باوزر اور ایک آئل ٹینکر کو بھی آگ نے اپنی لپیٹ لے لیا، ریسکیو اور ڈیرہ غازی خان، جام پور اور راجن پور کے فائر کنٹرول نے چھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ بجھائی، علاقے کو بر وقت کلیئر کرانے سے بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔آگ لگنے پر قریبی آبادی کومحفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔اوگرا نے بھی تحقیقات کے لئے تھرڈ پارٹی انسپکٹر تعینات کردیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے جاں بحق ہونے والے کے لواحقین کوبیس لاکھ اورزخمی کو پانچ لاکھ امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔