رحیم یار خان :آئل ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا، 4 جاں بحق

مسلم چوک پر خالی آئل ٹینکر کی مرمت ہو رہی تھی کہ گیس بھر گئی 
 جاں بحق ہونیوالوں میں مقبول، سجاد، شہزاد اور فضل شامل ، تحقیقات شروع
رحیم یار خان (خصوصی رپورٹ)قومی شاہراہ مسلم چوک پر نجی کمپنی کے آئل ٹینکر میں ویلڈنگ کے دوران آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد زور دار دھماکا ہوا اور چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، موٹروے پولیس، ڈسٹرکٹ پولیس سمیت دیگر امدادی ادارے موقع پر پہنچ گئے۔ ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ بھی موقع پر پہنچے اور ریسکیو سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ریسکیو حکام کے مطابق خالی آئل ٹینکر پر ویلڈنگ کا کام جاری تھا کہ گیس بھر گئی اورپھر آگ لگ گئی اور دھماکا ہو گیا۔ دھماکے کے باعث جاں بحق ہونے والوں میں صادق آباد کا 22 سالہ مقبول احمد، بدلی شریف کا 22 سالہ سجاد احمد، 18 سالہ شہزاد احمد اور بستی گجراں اکبر آباد کا 50 سالہ فضل احمد شامل ہیں۔ چاروں کی میتیں شیخ زید ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے واقعہ پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا آغاز اور ذمہ داروں کے تعین کی ہدایت کر دی۔