آ تشبازی کا سامان پھٹ گیا ،6افراد جاں بحق ،7 زخمی

کوٹ پھلے شاہ میں آتشباز عامر کے گھر شارٹ سرکٹ سے آ گ بھڑک اٹھی 
خواتین ،1 ماہ کی بچی سمیت 13 افراد ملبے تلے دب گئے، لاشیں ، زخمی ہسپتال منتقل 
پھالیہ، منڈی بہائوالدین (خصوصی رپورٹ)پاہڑیانوالی کوٹ پھلے شاہ میں گھر میں شارٹ سرکٹ سے آتشباز ی کے سامان کو آگ لگنے سے دھماکے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 7 شدید زخمی ہوگئے، دھماکے سے ہمسائے کے مکان کی چھت بھی گر گئی۔گزشتہ رات پاہڑیانوالی کے ملحقہ گا ئوں کوٹ پھلے شاہ میں آتشباز عامر شہزاد کے گھر کے بالائی کمرہ میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی، شعلوں نے آتشبازی کیلئے رکھے بارود کو لپیٹ میں لے لیا ،زور دار دھماکے سے اس کے گھر اور پڑوسی کے گھر کی چھت بھی زمین بوس ہو گئی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 پہنچ گئی اور مسلسل3گھنٹے آپریشن کے بعد ملبے تلے د بے افراد کو نکال لیا جن میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 7 شدید زخمی تھے، جاں بحق ہونے والوں میں 40 سالہ عمران کھوکھر ،39 سالہ رمشہ خالد ، 34 سالہ اقرا خالد ، ایک ماہ کی پاکیزہ فاطمہ ،40 سالہ سمیرا بی بی اور 8 سالہ حرم فاطمہ شامل ہیں ،زخمیوں میں 27 سالہ فرحان خالد، 16 سالہ ہاشم مغل، 31 سالہ رضیہ بی بی ،5 سالہ قاسم ،4 سالہ محمد موسیٰ ،5 سالہ عروج اور12 سالہ عائشہ شامل ہیں ، ریسکیو 1122 نے لاشیں تحصیل ہسپتال پھالیہ جبکہ زخمیوں کو پھالیہ ،منڈی بہائو الدین اور عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات منتقل کر دیا ، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ فضائل مدثر ، تحصیلدار ظفر اقبال رانجھا ،ڈی ایس پی پھالیہ ثنا اللہ ورک ،بم سکواڈ اور کرائم سین ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ افسوسناک واقعہ انتظامی اداروں اور ایس ایچ اوپاہڑیانوالی کی غفلت کا نتیجہ ہے ،عرصہ دراز سے آبادی کے درمیان گھروں کے اندر آتش بازی کا سامان تیار کیا جا رہاتھا ،اس سے قبل متاثرہ گھر کا سربراہ بھی آتش گیر مادہ کے دھماکا سے جاں بحق ہوا تھا۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے دھماکے سے 6 انسانی جانوں کے زیاں پر سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ نے آتشبازی کے غیر قانونی کاروبار پر پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا اور کہاکہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔