رائٹ سائزنگ کے باوجود وفاقی اداروں میں ڈیڑھ لاکھ اسامیاں خالی

کام کرنے والے ملازمین کی تعداد 7 لاکھ 10 ہزار 808 کے مقابلے میں 5 لاکھ 90 ہزار 585 ہے
 اسلام آباد (آئی این پی ) رائٹ سائزنگ کے باوجود وفاقی حکومت کے اداروں میں ڈیڑھ لاکھ اسامیاں خالی ہیں ۔ میڈیا  رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کی ملازمین کے  بارے میں تازہ ترین سالانہ شماریاتی  رپورٹ  برائے 2022-23  میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ  وفاقی حکومت اور اس سے منسلک محکموں اور خود مختار اداروں کی کل منظور شدہ تعداد 12 لاکھ 39 ہزار 619 سے زائد ہے، لیکن مالی سال 23-2022 تک اس کے ملازمین کی تعداد 9 لاکھ 47 ہزار 610 تھی۔ان میں سے تقریبا آدھے عہدوں (زیادہ تر وفاقی حکومت میں ) کو حال ہی میں ختم کر دیا گیا تھا، جب کہ کارپوریشنز اور خود مختار اداروں کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑا تھا۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت میں کام کرنے والے ملازمین کی تعداد 7 لاکھ 10 ہزار 808 کے مقابلے میں 5 لاکھ 90 ہزار 585 ہے، اس طرح ایک لاکھ 20 ہزار 223 اسامیاں خالی ہیں۔دوسری جانب خودمختار اداروں میں 5 لاکھ 28 ہزار 811 منظور شدہ عہدوں کے مقابلے میں 3 لاکھ 57 ہزار 25 ملازمین کام کر رہے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ ایک لاکھ 71 ہزار 786 عہدے خالی ہیں