پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ اس بابرکت ماہ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے پڑوسی ملک نے پاکستان پر ایک مرتبہ پھر حملہ کیا، جس کا ہماری بہادر فوج نے بھرپور اور مؤثر جواب دیا اور اپنی سر زمین و عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے آپریشن ’غضب للحق‘ پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ تمام مسائل پُرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور ہر ممکن کوشش کی۔شاہد آفریدی نے کہا کہ برادر اسلامی ممالک نے بھی کردار ادا کرنے کی پوری کوشش کی، مگر تمام خلوص اور کاوشوں کے باوجود دراندازی اور جارحیت کا سلسلہ جاری رہا۔ انہوں نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مسلمانوں سے دعا کی کہ ہم اللّٰہ تعالیٰ کی عبادت میں مصروف رہیں نہ کہ ایک دوسرے کا خون بہائیں۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ مشکل وقت میں افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا، لیکن بھارت کے ایجنڈے پر عمل کرنے سے سوائے ہزیمت کے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان امن کے خواہاں ہے مگر اپنی خود مختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ شاہد آفریدی نے اپنے بیان کا اختتام کرتے ہوئے کہا: "پاکستان ہمیشہ زندہ باد!"