کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع ذوالفقار کمرشل کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے 10 سالہ پھول فروش بچہ زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ تلخ کلامی کے دوران پیش آیا، جب بچے اور سیکیورٹی گارڈ کے درمیان تکرار ہوئی۔ اسی دوران، سیکیورٹی گارڈ نے گولی چلا دی، جس سے بچہ زخمی ہو گیا۔فوری طور پر بچے کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ بچے کے والدین اور علاقہ مکینوں کی مدد سے، لوگوں نے حملہ آور سیکیورٹی گارڈ کو تشدد کے بعد پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔پولیس نے ملزم سیکیورٹی گارڈ کو اسلحہ سمیت حراست میں لے لیا ہے اور اسے تھانے منتقل کیا گیا ہے۔ملزم کا موقف ہے کہ اس نے گولی زمین پر چلائی تھی، اور گولی اچانک بچے کو لگی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تفتیش جاری ہے اور حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔