ڈیفنس فیز 7 میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 زخمیوں سمیت 3 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد

ڈیفنس فیز 7 میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 زخمیوں سمیت 3 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد

ڈیفنس فیز 7 ایکسٹینشن میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو زخمیوں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے علاقے ڈیفنس میں تھانہ ڈیفنس پولیس معمول کے گشت پر تھی کہ شوکت خانم اسپتال کے قریب مشتبہ موٹر سائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ ترجمان ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ملزمان نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی اور پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔پولیس نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہو گئے جبکہ تیسرے ملزم کو بھی موقع سے حراست میں لے لیا گیا۔پولیس کے مطابق زخمی ملزمان کی شناخت محمد سفر ولد فضل احمد اور عبدالرحمان ولد محمد انور کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ تیسرے گرفتار ملزم کا نام مزمل علی ولد زاہد بتایا گیا ہے۔

ملزمان کے قبضے سے دو عدد 30 بور پستول، 9 زندہ راؤنڈز، چار موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔ زخمی ملزمان کو فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ تیسرے ملزم کو مزید تفتیش کے لیے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ترجمان ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق گرفتار ملزمان کے کرمنل ریکارڈ کی جانچ کی جا رہی ہے اور واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔