ڈیفنس اور ناظم آباد میں پولیس و شہری کی فائرنگ سے 3 ڈاکو ہلاک و زخمی، اسلحہ و مسروقہ سامان برآمد

ڈیفنس اور ناظم آباد میں پولیس و شہری کی فائرنگ سے 3 ڈاکو ہلاک و زخمی، اسلحہ و مسروقہ سامان برآمد

کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان محافظ میں کار سوار شہری کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

 پولیس کے مطابق واقعہ درخشاں تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں 2 مسلح ملزمان نے شہری کو اسلحے کے زور پر لوٹنے کی کوشش کی۔ شہری نے اپنے لائسنس یافتہ پستول سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 30 سالہ علی اکبر موقع پر ہلاک جبکہ اس کا ساتھی حمزہ ولد نذیر حسین زخمی ہوگیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی درخشاں پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ہلاک و زخمی ڈاکوؤں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان سے 2 پستول بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی، جبکہ ان کا مجرمانہ ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ناظم آباد نمبر 3 قبا مسجد کے قریب بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان وقاص ولد محمد صابر اور ساجد شاہ ولد پیر غلام شاہ اسٹریٹ کرائم سمیت متعدد سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان سے 2 پستول بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔ دونوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق زخمی و گرفتار ملزمان کے خلاف مزید کارروائی اور ماضی کے مقدمات کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔