کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں افسوسناک حادثے کے دوران گودام کی دیوار گرنے سے ایک کمسن بچہ جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ نور خان گوٹھ گلی نمبر ایک کے قریب پیش آیا، جہاں ایک گودام کی خستہ حال دیوار اچانک زمین بوس ہوگئی۔ اس دوران قریب کھیلنے والے دو بچے ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور دونوں بچوں کو ملبے سے نکال کر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 3 سالہ صفی اللہ ولد سلمان کے نام سے ہوئی، جبکہ 12 سالہ عثمان ولد ندیم زخمی ہوا، جسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں بچے نور خان گوٹھ کے رہائشی تھے اور گلی میں کھیل رہے تھے کہ اسی دوران گودام کی کمزور دیوار ان پر آ گری۔ایس ایچ او سہراب گوٹھ گل بیگ کے مطابق پولیس نے ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد جاں بحق بچے کی لاش ورثا کے حوالے کردی، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔