پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ صبح 11 بج کر 22 منٹ پر آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.0 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا جبکہ اس کی گہرائی 100 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے جھٹکے پشاور، سوات، دیر، مالاکنڈ، چترال، باجوڑ، شمالی وزیرستان اور دیگر قریبی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد افراد گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔