شہر قائد: مختلف علاقوں میں گوداموں میں آگ، کوئی جانی نقصان نہیں

شہر قائد: مختلف علاقوں میں گوداموں میں آگ، کوئی جانی نقصان نہیں

کراچی کے مختلف علاقوں میں دو گوداموں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تاہم فائربریگیڈ کی فوری اور مؤثر کارروائی کے باعث دونوں واقعات پر قابو پا لیا گیا اور بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہو گیا۔

فائربریگیڈ حکام کے مطابق پہلا واقعہ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے گلشنِ غازی بسم اللہ چوک کے قریب پیش آیا، جہاں پرانے کپڑوں کے ایک گودام میں اچانک آگ لگ گئی۔ اطلاع ملتے ہی دو فائر ٹینڈرز موقع پر روانہ کیے گئے جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا اور کچھ ہی دیر میں قابو پا لیا۔دوسرا واقعہ شہر کے علاقے رنچھوڑ لائن میں پیش آیا، جہاں ایک گودام سے متصل عمارت میں بھی آگ بھڑک اٹھی۔ فائربریگیڈ عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا اور امدادی کارروائیاں شروع کیں، جس کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا۔

ترجمان فائربریگیڈ کے مطابق دونوں واقعات میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ بروقت رسپانس اور مؤثر کارروائی کے باعث آگ کو بڑے پیمانے پر پھیلنے سے روکا گیا، جس سے مالی نقصان بھی محدود رہا۔ابتدائی معلومات کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔