جنوبی امریکی ملک بولیویا میں بولیوین فضائیہ کا ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک جبکہ 30 زخمی ہو گئے۔
حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں۔بولیویا کے حکام کے مطابق بولیوین فضائیہ کا سی-130 ہرکیولس طیارہ خراب موسم کے باعث دارالحکومت لا پاز کے قریب واقع شہر ایل آلٹو میں ایک مصروف شاہراہ پر گر کر تباہ ہوا۔ طیارہ سانتا کروز دی لا سیرا سے روانہ ہوا تھا اور دورانِ پرواز اسے شدید موسمی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔وزارت دفاع نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق خراب موسم کو حادثے کی بنیادی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
حادثے کے نتیجے میں نہ صرف جانی نقصان ہوا بلکہ شاہراہ پر موجود متعدد گاڑیاں بھی شدید متاثر ہوئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق طیارہ گرنے کے فوراً بعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔واقعے کے بعد ایل آلٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور حادثے کی مکمل تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔