کولمبیا میں فوجی طیارہ حادثہ، 66 افراد ہلاک، متعدد زخمی

کولمبیا میں فوجی طیارہ حادثہ، 66 افراد ہلاک، متعدد زخمی

کولمبیا کی فضائیہ کا ایک طیارہ پرواز کے چند لمحوں بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 66 افراد ہلاک جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔

کولمبیا کے وزیر دفاع کے مطابق طیارے میں 114 فوجی اہلکار اور عملے کے 11 ارکان سوار تھے۔ حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ امریکی ساختہ سی 130 ہرکیولس تھا، جسے معروف دفاعی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن نے تیار کیا تھا۔ طیارے نے پورٹو لیگویزامو سے اڑان بھری تھی اور پرواز کے کچھ ہی دیر بعد حادثے کا شکار ہو گیا۔

کولمبیا کے صدر گسٹاوو پیٹرو نے طیارہ حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے فوجی فضائی بیڑے کو جدید بنانے کے منصوبے میں مزید تاخیر نہیں ہونے دی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ جائے حادثہ سے طیارے کا ملبہ اور بلیک باکس تلاش کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔