بیجنگ: پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ سرحدی کشیدگی پر چین نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ثالثی کی کوششوں پر آمادگی ظاہر کی ہے اور دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ مسائل کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کریں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چین پاکستان اور افغانستان کے درمیان پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور کشیدگی کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ چین خطے میں امن و استحکام کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور پاکستان و افغانستان کے درمیان تنازع کم کرانے کے لیے سفارتی سطح پر تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اختلافات کو بات چیت، تحمل اور سفارتی ذرائع کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ماؤ ننگ نے مزید کہا کہ چین دونوں ممالک کا قریبی ہمسایہ اور دوست ہے اور اس وقت پاکستان اور افغانستان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں گے اور کشیدگی میں کمی کے لیے مثبت اقدامات کریں گے۔چینی ترجمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان اپنے اپنے ممالک میں موجود چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے تاکہ خطے میں جاری ترقیاتی تعاون متاثر نہ ہو۔چین کی جانب سے ثالثی کی پیشکش کو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام کے لیے ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔